اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی شمخانی نے تہران میں یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی سےملاقات میں کہا کہ ایران پر پابندیاں عائد کرنے اور ایٹمی معاہدے پر عمل نہ کرنے کے تعلق سے اگر امریکا کا رویّہ یہی رہتا ہے اور یورپی یونین کی جانب سے بھی امریکا کے اس قسم کے غلط اقدامات کا مقابلہ نہیں کیا جاتا تو ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد اور اس سلسلے میں تعاون کے منفی اثرات مرتب ہوں گے- انہوں نے شام اور عراق میں داعش اور دیگر تکفیری دہشت گردگروہوں کا مقابلہ کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ممتاز کردار اور علاقے کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کی غرض سے ایران کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کا ذکرکیا اور کہا کہ تکفیری دہشت گردوں کی طویل المیعاد موجودگی سے عالمی سطح پر بدامنی اور عدم استحکام میں اضافہ ہوگا- علی شمخانی نے صیہونی حکومت کی جارحانہ اور توسیع پسندانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں میں متعدد مذمتی قراردادوں کے باوجود صیہونی حکومت غیرقانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کا قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے- انہوں نےکہا کہ صیہونی حکومت غیرقانونی عام تباہی پھیلانے والے اور ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہوکر پورے خطے کی سیکورٹی کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہے- یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں ایران کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایران کا حق ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے بعد اس پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں اور وہ اپنے سبھی حقوق حاصل کرے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169